ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بچوں کی اسمگلنگ کیس: سپریم کورٹ کا سخت موقف، مرکزی حکومت سے 6 اہم سوالات اور تفصیلی رپورٹ طلب

بچوں کی اسمگلنگ کیس: سپریم کورٹ کا سخت موقف، مرکزی حکومت سے 6 اہم سوالات اور تفصیلی رپورٹ طلب

Sat, 28 Sep 2024 10:28:55    S.O. News Service

نئی دہلی، 28/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) سپریم کورٹ نے بچوں کی اسمگلنگ کے ایک سنگین معاملے پر مرکزی حکومت سے اہم سوالات اٹھائے ہیں اور تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے بچوں کی منظم اسمگلنگ کے حوالے سے ملک گیر سطح پر وسیع سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی کے تحت وزارت داخلہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے میں مکمل ڈاٹا اکٹھا کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کرے، تاکہ اس سنگین مسئلے کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔

آج ہوئی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے ان احکامات کو بھی رد کرنے کا حکم جاری کیا جس میں اتر پردیش، جھارکھنڈ اور راجستھان ریاستوں میں پھیلی بچوں کی اسمگلنگ میں شامل 6 ملزمین کو ضمانت دی گئی تھی۔ خاص طور سے جن اشخاص کو ضمانت دی گئی تھی ان پر 4 سالہ بچے کے اغوا کا معاملہ درج ہے۔ عدالت عظمیٰ کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ نے ایسے معاملوں میں شامل پیمانوں پر غور کیے بغیر ملزمین کو ضمانت دے دی تھی۔

بہرحال، سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کے خلاف عرضی دہندہ سنجے سمیت دیگر کی طرف سے داخل عرضیوں پر مرکزی حکومت کو مکمل رپورٹ جمع کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔ جسٹس رشی کیش رائے اور ایس وی این بھٹی کی بنچ نے مرکزی وزارت داخلہ کے سامنے 6 اہم سوالات بھی رکھے ہیں جن کا جواب وزارت کو دینا ہوگا۔ وہ سوال اس طرح ہیں:

  • 2020 سے، یعنی جب کرائم ملٹی ایجنسی سنٹر (Cri-MAC) لانچ کیا گیا تھا، تب سے ہر ضلع/ریاست میں کتنے بچوں کے لاپتہ ہونے کے معاملے درج کیے گئے ہیں؟
  • رجسٹرڈ معاملوں میں سے کتنے بچوں کو 4 ماہ کی مقررہ مدت میں برآمد کیا جا چکا ہے اور کتنے بوں کو برآمد کیا جانا باقی ہے؟
  • کیا ہر ضلع میں انسانی اسمگلنگ مخالف یونٹس قائم کی گئی ہیں، اور اگر ہاں تو متعلقہ انسانی اسمگلنگ مخالف یونٹس کو کتنے معاملے سونپے گئے ہیں؟
  • نافذ قوانین کے تحت انسانی اسمگلنگ مخالف یونٹس کو دیے گئے اختیارات کیا ہیں؟
  • ہر ضلع/ریاست میں بچوں کی اسمگلنگ کے معاملوں سے متعلق زیر التوا مقدمات کی تعداد کیا ہے؟
  • گمشدہ بچوں کی جانچ میں تاخیر یا برآمدگی نہ ہونے کے معاملوں میں ریاستیں کیا قدم اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہیں، ہر سال کا ڈاٹا فراہم کیا جانا چاہیے۔

Share: